علی گڑھ،4جولائی(ایس او نیوز/آئی این ایس انڈیا)علی گڑھ مسلم یونیورسٹی کے یو جی سی ایچ آر ڈی سینٹر کے ڈائرکٹر پروفیسر عبدالرحیم قدوائی کے مضمون”دا کرسٹل گلوب“ کو سنگاپور میں واقع کتاب پبلشرس نے عالمی شہرت یافتہ کتاب”لٹریری سیلفیز“ میں شامل کیا ہے۔ پروفیسر قدوائی نے اس مضمون میں ہندوستانی مسلم فکشن میں مسلمانوں کی منظر کشی کی بنیاد پر اردو کے دوعظیم فکشن نگاروں مشتاق احمد یوسفی اور قرۃ العین حیدر کی تخلیقات میں علی گڑھ کے ذکو کو قلم بند کیا ہے۔
پروفیسر قدوائی نے بتایا کہ ان دو فکشن نگاروں کے مطابق1857کے بعد ہندوستانی مسلمانوں کی تاریخ اور ان کی ثقافت علی گڑھ تحریک اور علی گڑھ مسلم یونیورسٹی کے اثرات کا ذکر کئے بغیر نامکمل ہے۔ انہوں نے بتایا کہ مشتاق احمد یوسفی ہندوستان کے بہترین طنز نگار تھے جن کا فن اے ایم یو میں پروان چڑھا تھا۔ پروفیسر قدوائی نے اپنے مضمون میں کہا ہے کہ گیان پیٹھ ایوارڈ یافتہ اردو کی معروف ناول نگار قرۃ العین حیدر کی پرورش بھی علی گڑھ میں ہوئی اور ان کے والد اے ایم یو کے پہلے رجسٹرار تھے۔
اپنے مضمون ”دا کرسٹل گلوب“ میں پروفیسر قدوائی نے ان عظیم فکشن نگاروں کے دور میں علی گڑھ کی زندگی کے دلچسپ پہلوؤں پر روشنی ڈالی ہے۔ انہوں نے بتایا کہ اس دور میں علی گڑھ کو کرسٹل گلوب کے مساوی مانا جاتا تھا۔ تیزی سے غائب ہوتی جارہی علی گڑھ کی شیروانی اور سلام کی تہذیب کے تئیں یوسفی کے اندیشوں کا بھی ذکر کیا گیا ہے۔ اس مضمون میں علی گڑھ کے نقشہ سے غائب ہوتے جا رہے تاریخی مقامات کے لئے قرۃ العین حیدر کے جذبات پر بھی روشنی ڈالی گئی ہے۔